کسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے، چیئرمین نیب

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کسی انتقامی کارروائی پر یقینی نہیں رکھتا۔ نیب تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں قانون کے مطابق کرتا ہے۔ نیب قوم کا ادارہ ہے جو میریٹ، شفافیت، شواہد اور قانون کے مطابق کام کرتا ہے۔
نیب لاہور میں ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی کوئی امتیازی پالیسی نہیں، ہمارا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے۔ عوام میں شعور پیدا ہو چکا ہے۔ کرپشن کو کسی صورت فروغ نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے ہو گا۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب حکومتی اور ریاستی ادارہ ہے، باہر سے نہیں آیا۔ نیب کا اولین اصول ہے کہ ہر چیز قانون کے مطابق ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کا دامن صاف تو ڈر کس چیز کا ہے؟ الزامات درست ثابت نہ ہوں تو تحقیقات بند کر دی جاتی ہے۔ جس کا فیصلہ بھی ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پریس ریلیز سے کیا جاتا ہے۔