لاڑکانہ سے الیکشن لڑکر یہاں کے مسائل حل کروں گا، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ لاڑکانہ سے الیکشن لڑیں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جناح باغ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا نہیں، ہمیشہ عوام کیلئے کام کیا۔
بلاول نے کہا کہ ’اب میں الیکشن یہاں سے لڑوں گا، میں آپ کا نمائندہ بنوں گا، میں کام کراؤں گا‘۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ نوازشریف سے کہیں زیادہ غیر ذمہ دارانہ بیان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دیا ہے جو افسوسناک ہے، وزیراعظم کو کم از کم ملک کا سوچنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نظر عوامی مسائل پر نہیں صرف اقتدار پر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو 15 اپریل کو پانی ملنا تھا،ابھی تک نہیں ملا، کب پانی ملے گا؟ کب بیج لگیں گے؟ کب فصل ہوگی؟ اگر زراعت تباہ ہوئی تو ملک کیسے ترقی کرے گا؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ نےاس ملک کو وفاق کے طور پر نہیں بلکہ ون یونٹ کے طور پر چلایا ہے، صوبوں کے وسائل جو یہاں خرچ ہونے تھے، وہ روک لیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ جھوٹ بولتے ہیں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی، جاتی امراء میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ہے، بجلی دے نہیں رہے، بجلی کے بل ڈبل دے رہے ہیں،عوام مسائل سے دوچار ہیں لیکن میاں صاحب اپنی ذات سے نہیں نکل رہے۔
بلاول نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کو تو عوام کے حقیقی مسائل کا علم ہی نہیں، عمران خان کی نظر ہے تو صرف کرسی اوراقتدار پر ہے۔