امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ، پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک

 امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل ہے۔کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا اسکالر شپ پروگرام کے تحت امریکا پڑھنےگئی تھی۔
سی این این کے مطابق واقعہ ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے ہائی اسکول میں پیش آیا جس میں ایک طالب علم نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
واقعے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی درجنوں گاڑیوں اور تین ہیلی کاپٹرز نے اسکول کو گھیر لیا اور مقابلے کے بعد 17 سالہ طالب علم سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
امدادی اداروں نے وہاں پہنچ کر فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو منتقل کیا۔
حکام کے مطابق فائرنگ ہوتے ہی لڑکوں نے کلاس سے باہر دوڑ لگادی اور الارم بجادیا جس پر پورے اسکول سے طلبا اور اساتذہ جان بچا کر باہر کی جانب بھاگ نکلے۔
بعدازاں پولیس نے باہر آنے والے تمام طلبا کو اسکول کے باہر جمع کرکے ان کے بیگ چیک کیے جیسا کہ اوپر تصویر میں نظر آرہا ہے۔
اسکول کے اسسٹنٹ پرنسپل کرس رچرڈ سن نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔
سانتا فی ہائی اسکول کے طالب علم عینی شاہد کے مطابق آرٹ کی کلاس جاری تھی کہ اس دوران ایک شخص چلتا ہو ا اندر داخل ہوا اور اس نے اچانک فائرنگ کردی، ایک لڑکی کی ٹانگ میں گولی لگی، حملہ آور کے ہاتھ میں شاٹ گن تھی۔
قریبی واقع اسپتال کے ترجمان نے اسکول سے زخمی افراد کی منتقلی کی تصدیق کی ہے تاہم ترجمان نے زخمیوں کی تعداد بتانے سے انکار کردیا۔
ابتدائی اطلاعات ٹھیک نہیں ہیں خدا خیر کرے، ٹرمپ
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈرز نے کہا ہے کہ ٹیکساس فائرنگ کے واقعے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بریفنگ دی گئی ہے اور مسلسل آگاہ کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ابتدائی اطلاعات ٹھیک نہیں ہیں خدا خیر کرے۔
 
حملہ آور کی شناخت، اسکول کا طالب علم نکلا
ہیرس کاؤنٹی کے شیرف کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا اسی اسکول کا طالب علم ہے جسے حراست میں لے لیا گیا ہے، ہلاک ہونے والوں میں اکثریت طالب علموں کی ہے۔
پولیس کے مطابق 10 افراد کو قتل کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی ہے اس کا نام دمتری پاگورٹز ہے جس کی عمر 17 سال ہے اور وہ اسی اسکول کا طالب علم ہے۔
ملزم نے آج جمعے کو ہی حملے سے چند گھنٹے قبل اپنی ایک ٹی شرٹ پہنی ہوئی تصویر شیئر کی تھی جس پر ’’ بورن ٹو کل‘‘ کے الفاظ درج تھے۔