امریکا میں جاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکا کراچی کی رہائشی

ٹیکساس سکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا بھی جاں بحق ہوئی، جس کا تعلق کراچی سے تھا۔ والد کا کہنا ہے سیبکا انتہائی ہونہار طالبہ تھی، ہمیشہ پہلی یا دوسری پوزیشن لاتی تھی، عید پر اسے گھر آنا تھا۔
ٹیکساس سکول میں گذشتہ روز فائرنگ کے واقعے میں 10 طلبا مارے گئے، جن میں پاکستانی طالبہ سبیکا بھی شامل تھی۔ سبیکا کا تعلق کراچی سے تھا، وہ 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی، وہ او لیول کی طالبہ تھی۔
سبیکا کی موت پر گھر پر تعزیت کرنیوالوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ والد نے بتایا فائرنگ کے واقعے کی اطلاع کل افطار کے بعد مقامی نیوز چینل سے ملی، ٹیکساس میں پاکستانی ایمبیسی نے ہماری بہت مدد کی۔ والد نے بتایا سبیکا تین بہنوں میں سب سے بڑی تھی وہ انتہائی ہونہار طالبہ تھی، اس نے 9 جون کو گھر واپس آنا تھا۔
دوسری طرف امریکا میں پاکستانی سفیر اور کمیونٹی کی جانب سے بھی اس واقعے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اعزازچودھری کا کہنا ہے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔