وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا: ذرائع

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی و سرحدی سیکیورٹی سمیت خطے کی صورتحال پر غور ہوگا۔
وزیراعظم نے یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں طلب کیا ہے، جب اس سے قبل 14 مئی کو پاک فوج کی تجویز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق ایک متازع بیان کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت 2 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس کے بعد قومی سلامتی کمیٹی نے ممبئی حملوں سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کے متنازع بیان کو مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے تمام الزامات کو متفقہ طور پر مسترد کردیا تھا۔