ورلڈ کپ ٹرافی کا روس سمیت دنیا بھر کا سفر مکمل

فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز سے دو روز قبل عالمی کپ کی ٹرافی نے روس سمیت دنیا بھر کے اکیاون ملکوں اور اکیانوے شہروں کا دورہ مکمل کر لیا ہے۔

ورلڈ کپ ٹرافی نے 9 ماہ قبل روس سے ہی اپنے دورے کا آغاز کیا تھا اور اپنے سفر کے اختتام تک ایک لاکھ 72 ہزار کلو میٹر سفر طے کیا۔ فیفا کے رکن ملک ہونے کے ناطے یہ ٹرافی پاکستان بھی لائی گئی تھی جبکہ اس نے مجموعی طور پر 51ملکوں کے 91 شہروں کا دورہ کیا جس کے دوران شائقین فٹبال کو اس ٹرافی کو قریب سے دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنوانے کا موقع ملا۔

اس دورے کے دوران 8 لاکھ سے زائد شائقین کو ٹرافی قریب سے دیکھنے کا موقع ملا اور 5 لاکھ 70ہزار سے زائد نے ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔اس سلسلے کا آغاز 2006 میں کیا گیا جہاں ورلڈ کپ کی ٹرافی مختلف ممالک میں لائی جاتی ہے اور فیفا کے مقرر کردہ سفیر اس ٹرافی کے ساتھ کرتے ہیں۔

اس مرتبہ فیفا نے میزبان ملک روس میں ٹرافی کا طویل ترین سفر ڈیزائن کیا تھا جس کی وجہ سے اس ٹرافی نے طویل ترین سفر طے کیا۔فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 14 جون کو منعقد ہو گی جس کے بعد ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا جائے گا۔