پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کو 205 رنز کا ہدف

پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جارہا ہے۔

کپتان سرفراز اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 205 رنز کا ہدف دیا۔

مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شعیب ملک 27 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب احمد شہزاد 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 46 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب فخر زمان بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 87 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسین طلعت 18 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھی وکٹ پر کپتان سرفراز اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے اسکاٹش بولرز کو تختہ مشق بنالیا اور دونوں نے برق رفتار نصف سنچریاں اسکور کیں۔

چوتھی وکٹ 183 رنز پر گری جب شعیب ملک 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔