پاکستان کاکنٹرول لائن کےساتھ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج

پاکستان نے کنٹرول لائن کے ساتھ چیری کوٹ سیکٹر میں بھارت کی حالیہ بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا۔

بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج دفترخارجہ میں طلب کیاگیا اور اس کے ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیاگیا۔

اس موقع پر بھارت پر زوردیا گیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے ، جنگ بندی کی خلاف ورزی کے حالیہ اور دوسرے واقعا ت کی تحقیقات کرائے ،بھارتی فورسز کو جنگ بندی معاہدے کا من و عن احترام کرنے کی ہدایت کرے اور کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈی پر امن برقرار رکھے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ شہری آبادی والے علاقوں کو مسلسل نشانہ بنارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہری آبادی والے علاقوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے اور انسانی وقار ، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں خطے کے امن و استحکام کےلئے خطرہ ہیں جو تذویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں۔