” ویلفیئر آئی“ کی پہلی سالگرہ بچوںمیں من پسند تحفوں کی بارش کیپٹن امین کی رانا ایاز سلیم کو مبارکباد

لاہور(رپورٹ:ملک ظہیر)لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا بے مثال نذرانہ پیش کرنے والے بہادر افسران و جوانوں کے لواحقین کی خدمت کا فریضہ ویلفیئر آئی کے ذریعے بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہے ۔ اس سوفٹ ویئرکی پہلی سالگرہ کے موقع پر لاہور آرٹس کونسل کے الحمرا ہال نمبر 2میں ایک پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں سی سی پی اولاہورکیپٹن(ر) محمدامین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرمعین مسعود، ایس ایس پی ایڈمن راناایازسلیم،ایس ایس پی آپریشنزمنتظرمہدی،قائم مقام سی ٹی اوآصف صدیق، تمام آپریشنزوانوسٹی گیشنزایس پیزاور شہداء کے اہلخانہ کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔

اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے آنے والے تمام بچوں کو انکے من پسند تحفوں کی عیدی دی گئی ۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمدامین وینس نے شہدا ء کی فیملیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے شہدا ء کے لواحقین ایک خاندان کی مانند ہیں جن کی بہترین ویلفیئر بحیثیت سربراہ لاہور پولیس میری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ویلفیئر آئی کی ایک سالہ شاندار کارکردگی پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ اس سوفٹ و ئیر کی بے مثال ورکنگ کے بعد لاہور پولیس نے نہ صرف آئی ٹی کے مزیدکئی قابل ذکر پراجیکٹس شروع کئے ہیں بلکہ ملک کے دیگر صوبوں کی پولیس فورسز کا اس سوفٹ وئیر کو اپنے سسٹم کا حصہ بنانا اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

تقریب میں بتایا گیا کہ ویلفیئر آئی کے ذریعے ایک برس کے دوران لاہور پولیس کے شہدا ء کو 78کروڑ سے زائد رقم مختلف سہولیات کی صور ت تقسیم کی گئی ہے جبکہ 85خاندانوں کے افراد کو فیملی کلیم کی بنیاد پر ملازمت دی گئی ہے ۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے کہا کہ لاہور پولیس عید کے پر مسرت موقع پر اپنے کسی شہید کے لواحقین کو نہیں بھولے گی اور تقریب کے بعدپنجاب کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے لاہورپولیس شہداء کے اہلخانہ کوبھی عید کے تحائف بھجوائے جائینگے۔