اسپیکر قومی اسمبلی کون ہوگا۔۔ تحریک انصاف نے اعلان کردیا

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے اسد قیصر اور گورنر پنجاب کیلئے چوہدری سرور کو نامزد کردیا ہے۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری محمد سرورکا بطور گورنرپنجاب تجربہ بھی ہے، ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ اسد قیصر کا ارکان کے ساتھ رویہ انتہائی قابل ستائش ہے، اسد قیصر پارلیمانی قواعد سے بھی واقف ہیں۔

رہنماء پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں اسد قیصر ہمارے اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار ہوں گے۔ اسد قیصر کا ارکان کے ساتھ رویہ انتہائی قابل ستائش ہے۔ دوسری جماعتوں کے ارکان سے بھی اسد قیصر کا رویہ قابل تعریف ہے۔ اسد قیصر پارلیمانی قواعد سے بھی واقف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لوگوں نے ہم پربھرپور اعتماد کیا۔

ہمارے پاس پنجاب میں وزارت اعلیٰ پنجاب کیلئے نمبرز پورے ہوگئے ہیں۔ جلدوزیراعلیٰ پنجاب کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا اہم فیصلہ پنجاب سے متعلق کیا ہے۔ تحریک انصاف نے چوہدری محمد سرور کو گورنرپنجاب کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ کیونکہ چوہدری سرور کا بطور گورنرتجربہ بھی ہے۔ چوہدری سرور کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ چوہدری سرور کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 23 آزاد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہے۔ جس کے پیش نظر پی ٹی آئی نے تمام اتحادیوں کا اجلاس بلایا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تمام اتحادیوں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ کچھ ممبران کوارکان قومی اسمبلی سے رابطے کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

مشرقی پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطوں کیلئے شفقت محمود کوذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے ارکان سے رابطوں کیلئے مجھے ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مغربی پنجاب سے چوہدری سرور رابطے میں رہیں گے۔ سندھ کی ذمہ داری عارف علوی اور بلوچستان کی ذمہ داری جمالی کوسونپی گئی ہے۔ خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے ارکان سے رابطوں کیلئے پرویز خٹک کوذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ایم کیوایم نے ہمارے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مسلم لیگ ق ہماری اتحادی جماعت ہے۔ مسلم لیگ ق سے چودھری پرویز الٰہی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کرچکے ہیں۔