‘مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے : شاہ محمود

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےآگاہ کیا ساتھ ہی انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کچھ نہیں چھپا رہا تو انکوائری کمیشن بنانے کیلئے ہماری حمایت کرے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے، اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق رپورٹ حقائق پر مبنی ہے ، بھارت کالے قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ناقابل بیان مظالم ڈھا رہا ہے۔