ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شاہد آفریدی مایوس

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بنگلہ دیش کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم کی پوری کارکردگی سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔کرکٹ کے ہر شعبہ میں کمی دیکھنے کو ملی۔

آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی طرف سے بہت اچھی کرکٹ کھیلی گئی تھی جس کے بعد توقعات بڑھ گئی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر اب شدید تنقید کا سامنا ہے۔