’اس دیوار سے سانپ نکلنے کا مطلب ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی واپسی ہونے والی ہے‘ فلسطین میں کس جگہ سے سانپ نکل آیا کہ کھلبلی مچ گئی

یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین کے قدیم شہر یروشلم میں صدیوں قبل تعمیر کی گئی وہ دیوار واقع ہے جسے یہودی ”دیوار گریہ“ کے نام سے جانتے ہیں اور بہت مقدس گردانتے ہیں، اور اسے ”مغربی دیوار“ بھی کہا جاتا ہے۔ مذہبی اہمیت کی حامل اس قدیم دیوار کے اندر سے گزشتہ روز ایک زندہ سانپ بل کھاتا ہوا باہر نکل آیا، لیکن یہ منظر دیکھنے والوں نے حیران کن دعویٰ کردیا ہے کہ بائبل کی وہ پیشگوئی پوری ہوگئی ہے جس کے مطابق مغربی دیوار سے ایک زندہ سانپ بل کھاتا ہوا نکلے گا جس کے بعد حضرت عیسٰی علیہ السلام دنیا میں تشریف لے آئیں گے۔

اخبار ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا اور گریہ کے لئے آئے سینکڑوں افراد نے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ وہاں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مغربی دیوار کے پتھروں میں سے ایک سانپ کو باہر نکلتے ہوئے دیکھا۔ سانپ کے باہر آنے پر وہاں بیٹھا ایک کبوتر خوفزدہ ہوکر اُڑ گیا، اور اسے بھی بائبل کی پیش گوئی کا حصہ قرار دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ قدیم دیوار کے پتھروں میں سانپوں کا پایا جانا کوئی اچنبھے کی بات نہیں اور ان میں سے کوئی سانپ رینگتا ہوا باہر آ جائے تو اسے کسی مقدس کتاب کی پیش گوئی کے طور پر پیش کرنا مناسب نہیں، کیونکہ عین ممکن ہے کہ کچھ عرصے بعد کوئی اور سانپ نکل آئے۔