Home » پاکستانی ٹیم طویل عرصے کیلئے دنیائے کرکٹ کی نمبر 1 ٹیم بن گئی

تازہ ترین

Advertisment

مقبول خبریں

کھیل

پاکستانی ٹیم طویل عرصے کیلئے دنیائے کرکٹ کی نمبر 1 ٹیم بن گئی

دبئی (ویب ڈیسک) قومی ٹیم نے مئی 2019ءتک کے لیے ٹی ٹونٹی رینکنگ میںپہلی پوزیشن پر مستقل قبضہ جما لیا ہے ۔ سرفراز الیون نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کرکے رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن 138پوائنٹس کے ساتھ مزید مستحکم کرلی ہے اور اب مئی 2019ءتک کوئی اور ٹیم ان سے یہ پوزیشن نہیں چھین سکے گی ۔

بھارت رینکنگ میں 125پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ پاکستان نے اپنی اگلی ٹی ٹونٹی سیریز جنو بی افریقہ کے خلاف اس کے ہوم گراﺅنڈز پر کھیلنی ہے ،گرین شرٹس کو اگر اس سیریز میں 3-0سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تب بھی وہ مئی 2019ءتک ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی نمبر ون ٹیم رہے گی اور اس عرصے کے دوران بھارت اپنے اگلے 8ٹی ٹونٹی میچز (ویسٹ انڈیز کے خلاف بقیہ 2،آسٹریلیا اور نیو زی لینڈ کے خلاف 3،3) جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر ہی رہےگا ۔
یاد رہے کہ پاکستا ن نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کو 47رنز سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کرلیا ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا ،پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے سکور پر گری جب فخر زمان 11 رنز بناکر لوکی فرگوسن کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حفیظ نے کئی دلکش سٹروکس کھیلے اور بابر اعظم نے اس دوران اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کےساتھ تیز ترین ہزار ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ،وہ حفیظ کے ساتھ 94رنز کی شراکت داری قائم کرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر 79رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ، شعیب ملک 9گیندوں پر19رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر گرینڈ ہوم کی دوسری وکٹ بنے ،محمد حفیظ نے اپنی 10ویں ٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی اور آصف علی کے ساتھ ملکر20اوورز میں پاکستان کا سکور 166رنز تک پہنچایا ۔

نیوزی لینڈ کے لیے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا ،منرو محض2رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ، نمبر تین پر بیٹنگ کےلئے آنےوالے کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی ناکام رہے اوروہ6رنز بنا کر عثمان شنواری کی تھرو پر رن آﺅٹ ہوگئے ، کیوی کپتان کین ولیمسن نے گلین فلپس کےساتھ تیسری وکٹ کےلئے 83رنز کا اضافہ کیا اور اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 9ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ شاداب خان کی گیند پر چھکا لگانےکی کوشش میں باﺅنڈری پر بابر اعظم کے ہاتھوں جکڑے گئے ، دو گیندوں بعد شاداب نے گلین فلپس کو بھی 26کے انفرادی سکور پر بولڈ کردیا ، مار ک چیپ مین محض2رنز بنا کر عمادوسیم کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوگئے ،اگلی ہی گیند پر ٹم سائیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے ، ٹم ساﺅتھی بھی بغیر کوئی رنز بنائے فہیم اشرف کی عمد ہ تھرو پر رن آﺅٹ ہوگئے ،شاداب خان نے روس ٹیلر کو7رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروا کر اپنی تیسری وکٹ حاصل کی ،وقاص مقصود نے لوکی فرگوسن کو آﺅٹ کرکے اپنی پہلی ٹی ٹونٹی وکٹ حاصل کی اور پھر سیتھ رینس کو آﺅٹ کرکے پاکستان کو جیت دلائی۔