وزارت خارجہ میں انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی جارہی ہیں، وزیرخارجہ

ملتان میں اپنے حلقے کے دورے کے موقع پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بیرونی ملکوں کے تمام سفارتی مشنوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل پیرا ہوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہتری کے لئے جذبے سے کام کریں۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ سفارتکاروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری لانے کے لئے راہ ہموار کریں۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی لانے کے لئے ووٹ دیاہے اور موجودہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ اپنے علاقے میں مسائل کی نشاندہی کریں اور حکومت انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے بارے میں شاہ محمودقریشی نے کہاکہ اگر اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی تعاون کریں تو نیاصوبہ آسانی سے بن سکتاہے۔