آسٹریلیا نے پہلا ویٹرنز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان ویٹرنز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دی

آسٹریلیا نے پہلا ویٹرنز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان ویٹرنز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا،

پاکستانی ویٹرنز ٹیم 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42.4 اوورز میں 162 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بابر الطاف بٹ 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، جان شارٹ نے 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بدھ کو سڈنی میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں آسٹریلوی ویٹرنز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 44 اوورز میں 165 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ٹونی کلارک 44، جوزف سنٹوش 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، جعفر قریشی نے 3، دستگیر بٹ نے 2 جبکہ صغیر عباس، ظفر علی، امتیاز اور جاوید حفیظ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستانی ویٹرنز ٹیم ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی اور پوری ٹیم 43ویں اوور میں 162 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،

بابر الطاف بٹ 46، امتیاز 28، غفار کاظمی 19، جعفر قریشی 17 اور دستگیر بٹ 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جان شارٹ نے 3، ولیم بلیئر اور ٹونی کلارک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔