سیاسی بنیادوں پر مختلف ممالک میں تعینات سفیروں کیلئے حکومتی ڈیڈ لائن ختم

بیرون ممالک میں سبکدوش ہونے والے سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کیلئے حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے بیرون ملک سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کو 7 دسمبر تک عہدے چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی تھی جو ختم ہوگئی ہے۔ ڈیڈ لائن کے تحت کینیڈا میں ہائی کمشنر طارق عظیم خان اور سعودی عرب میں سفیر خان حشام بن صدیق سمیت مراکش ، کیوبا اور سربیا میں تعینات پاکستانی سفیروں نے بھی چارج چھوڑ دیا، سبکدوش ہونے والے سفیروں نے چارج نائب سفیروں کے حوالے کر دیا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں مسلم لیگ (ن) حکومت کی جانب سے تعینات کئے گئے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا تھا، انہوں نے درخواست کی تھی کہ بچوں کا تعلیمی سیشن چند روز میں ختم ہوجائے گا اس لئے انہیں چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتوں کا وقت دیا جائے، وزارت خارجہ نے علی جہانگیر صدیقی کی درخواست منظور کرلی ہے۔