جنوری کے آغاز میں مہنگا ئی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ، ادارہ شماریات

نئے مالی سال 2018-19کے ساتویں ماہ ( جنوری 2019ء ) کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 4 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، کیلے، لہسن، کپڑے، تازہ دودھ ، دھی، خوردنی تیل، چائے، انڈے، گڑ ، چینی، دال مسور، چنے کی دال ،دال مونگ ،دال ماش،گندم، سگریٹ ،مٹن، بیف، مسٹرڈ آئل، ویجی ٹیبل گھی، سمیت 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
زندہ مرغی، آلو، پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کا تیل، ایل پی جی، پیاز، سرخ مرچ، آٹا، باسمتی چاول، سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گیس نرخ ،بجلی کے نرخ ،نمک، روٹی سادہ، ملک پاؤڈر، اری چاول، صابن سمیت 22 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.14، 0.19 ،0.29 اور 0.44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔