لاہور: پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن

پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 70 پتنگ باز گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے مجاہد پورہ میں پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچہ شدید زخمی ہونے کے بعد لاہور میں پولیس پتنگ بازوں کے خلاف متحرک ہو گئی۔
لاہور پولیس نے مختلف علاقوں سے 70 پتنگ باز گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں سے کریک ڈاؤن کے دوران سیکڑوں پتنگیں اور چرخیاں بھی برآمد کی گئیں۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق سٹی ڈویژن سے 15، کینٹ سے 13، ماڈل ٹاؤن سے 17، اقبال ٹاؤن سے 8، سول لائن سے 2، جب کہ صدر ڈویژن سے 15 پتنگ باز گرفتار کیے گئے۔
تین سالہ بچہ ابراہیم اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر مارکیٹ جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
حکومت کی جانب سے تواتر سے اموات کے باعث پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے، تاہم پابندی کے قانون پر پولیس کی جانب سے خاطر خواہ عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔