موبائل چوری روکنے میں معاون ایپلی کیشن تیار،،مسروقہ موبائل ریکور ہوگا،،استعمال پر دکاندار الزام سے بری الذمہ ،، جرائم میں 70 فیصد کمی آئیگی، بی اے ناصر،ڈاکٹر انعام وحید

لاہور(رپورٹ ؛ سید انوارلحق)کیپیٹل سٹی پولیس لاہور نے موبائل فونز کی چوری روکنے اور چوری شدہ موبائل ریکور کرنے میں معاون ایپلی کیشن تیار کر لی ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار ہونے والی آسان اور زبردست خصوصیات کی حامل E-GADGET مانیٹرنگ سسٹم ایپ کو اینڈرائیڈ اور آئی اوایس ز سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔ پائلٹ موبائل ایپ کے حوالے تعارفی تقریب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے دفتر میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی کیپیٹل سٹی پولیس چیف بی اے ناصر تھے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ایس ایس پی ایڈمن منتظر مہدی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، ایس ایس پی (سی آر او) احسن سیف اللہ سمیت اعلیٰ پولیس افسر بھی موجود تھے۔ ای گیجٹ ایپ کے تحت موبائل فون کے کاروبار سے منسلک افراد خود کو ایپ کے لئے با آسانی رجسٹر کرا سکیں گے۔ دکاندار ہر شخص کے موبائل فون کا IMEI نمبراس ایپلی کیشن میں لازمی محفوظ کریں گے۔ اس طرح چوری ہونے والے موبائل کا ڈیٹا بیس پولیس کے پاس دستیاب ہوگا۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر انعام وحید نے بتایا کہ موبائل فون کی خرید و فروخت، مرمت اور سافٹ وئیر انسٹالیشن سے منسلک افراد ہر آنے والے متعلقہ شخص کے موبائل فون کا IMEI نمبر اس ایپلیکیشن میں لازمی محفوظ کریں گے۔ اس طرح چوری ہونے والے موبائل کا ڈیٹا بیس پولیس کے پاس دستیاب ہوگا اور چوری ہونے والے موبائل فون کا IMEI نمبر کسی صورت تبدیل نہیں کرایا جا سکے گا اور چور موبائل فون کو کہیں فروخت یا استعمال نہیں کر سکے گا۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے موبائل ایپ کی تیاری کو ایک انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایپ کے موثر استعمال سے چوری شدہ موبائل فون کے استعمال کے ذریعے کئے گئے جرائم میں 60سے 70 فیصد کمی آئے گی۔ انہوں نے تاجر رہنماؤں کو یقین دلایا کہ اس ایپ کے ذریعے موبائل فونز کی خرید وفروخت کے کاروبار کو تحفظ ملے گا۔ ایپ میں خریدار اور دکاندار کی فوٹو بھی ہوگی۔ کارروائی مکمل ہونے پر دکاندار الزام سے بری الذمہ ہو جائے گا۔