نیب نے شہباز شریف کی بیٹیوں کے گھر چھاپہ مارنے کا مریم اورنگزیب کا دعویٰ مسترد کردیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ نیب نے شہباز شریف کی بیٹیوں کے گھر کا محاصرہ کرلیا تا ہم نیب نے ان کا دعویٰ مسترد کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کے مطابق نیب نے پولیس کے ہمراہ شہباز شریف کی بیٹیوں کے گھر پر بغیر اطلاع چھاپہ مارا۔
دوسری جانب نیب نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کی صاحبزادی کے گھر کا گھیراؤ کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، نیب کی ٹیم شہباز شریف کی صاحبزادیوں کے گھر طلبی کے نوٹسز پہنچانے گئی۔
نیب کا کہنا تھا کہ پولیس کی گاڑی نیب ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے ساتھ گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص عناصر نیب کو بدنام کرنے کے لیے من گھرٹ پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب لاہور نے پہلی بار شریف خاندان کے خلاف کیسز میں ان کی خواتین کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔
معلومات رکھنے والے ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب لاہور نے شہباز شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے تقریباً پورے شریف خاندان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا ہے۔