عبدالحفیظ شیخ آج بطور مشیر خزانہ کا چارج سنبھالیں گے

عبدالحفیظ شیخ آج بطور مشیر خزانہ کا چارج سنبھالیں گے۔
ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج اسد عمر کے متبادل کے طورپر وزارت خزانہ کا چارج سنبھالیں گے۔
نئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ریونیو اور اقتصادی امور کی وزارتیں بھی سنبھالیں گے جب کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
اس کے علاوہ عبدالحفیظ شیخ آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی سفارش پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی تقرری کی منظوری دی۔
دوسری جانب صدر مملکت نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا ہے اور وہ گزشتہ رات اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
کراچی روانگی سے قبل اسد عمر کا پی ٹی آئی اسلام آباد کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد سے تعلق نہیں توڑ رہا، بطور ایم این اے آنا جانا لگا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جتنا ضروری ہوا اسلام آباد آؤں گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا، وزارت چھوڑنے پر پریشانی نہیں پُرسکون ہوں۔