ورلڈکپ 2019: انگلینڈ کی بنگلا دیش پر وار 387 کا ہدف دے دیا

ورلڈکپ 2019 کے 12 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بنگلا دیش کو 387 کا پہاڑ جیسا ہدف دیدیا۔

کارڈف میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن رائے اور جونی برسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 128 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ جونی برسٹو 51 رنز بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کو دوسرا نقصان 205 رنز پر اٹھانا پڑا جب جو روٹ 21 رنز بنا کر محمد سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

انگلش اوپنر جیسن رائے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی اننگز کھیلی۔

دونوں ٹیمیں دو، دو میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے دونوں نے جنوبی افریقا کے خلاف اپنے میچز میں فتح حاصل کی۔

لیکن انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں 14 رنز سے جب کہ بنگلا دیش کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آج ورلڈ کپ کے 12 ویں میچ میں دونوں ٹیمیں کارڈف کے میدان میں مدمقابل ہیں۔

بنگلا دیش کے کپتان مشرفی مرتضی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ پچ گزشتہ دو روز سے بارش کے باعث ڈھکی ہوئی ہے اس لیے انہیں امید ہے کہ ابتدائی ایک گھنٹے بولرز کو مدد ملے گی۔

انگلش کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ وہ ٹاس ہارنے پر مایوس نہیں ہیں کیونکہ جب پچ سے گھاس ختم ہو جائے گی تو پورا دن یہ تبدیل نہیں ہو گی۔

بنگلا دیش نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جب کہ انگلینڈ نے معین علی کی جگہ لیام پلنکٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔