وزیراعظم کا ایمنسٹی اسکیم پر بیان، مریم اورنگزیب نے کردی الزامات کی بوچھاڑ

مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور احباب کے نام پیغام تھا کہ بے نامی اثاثے ہیں حلال کریں۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے جب بھی بڑے جھوٹ کا ریکارڈ قائم کرنا ہوتا ہے قوم کو پیغام دیتے ہیں، آپ کو تو اب جھوٹ بولنے کی مہارت حاصل ہے، پارلیمنٹ میں آ کر لائیو جھوٹ بولا کریں، عمران صاحب پارلیمنٹ آنے سے اس لیے ڈرتے ہیں کیونکہ آپ نے ووٹ چوری کیا ۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا بیان علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور احباب کے نام پیغام تھا کہ بے نامی اثاثے ہیں حلال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب آپ بھی اپنے تمام بیوی بچوں اور بہنوں کے اثاثے ڈیکلیئر کریں،ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عمران صاحب مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا جو ہر ملک لیتا ہے ،عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا ملک کو 11000میگاواٹ بجلی دی، عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا مسلم لیگ ن نے 10ہزارکلو میٹر کی موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا، عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا مسلم لیگ ن نے دہشت گردی ختم، صحت و تعلیم کے پراجیکٹ دیے۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے خطاب میں پھر نہیں بتایا کہ پچھلے 10ماہ میں 30ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی اسکیم پر اپنی تقریر تو یاد ہوگی؟ آپ نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے،عمران صاحب یہ نہیں بتایا کہ پہلے وعدوں کا کیا ہوا ؟اس کا جواب کون دے گا ؟