یمنی افواج کا سعودی ہوائی اڈے پر کروز میزائل سے حملہ، 26 افراد زخمی

یمنی افواج نے جنوبی سعودی عرب کے ابہا نامی ہوائی اڈے کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا ہے، جس میں چھبیس افراد زخمی ہو گئے عوامی تحریک انصار اللہ کا کہنا ہے کہ یمن کے ہوائی اڈے بند رہنے کی صورت میں سعودی اتحاد کے ہوائی اڈے بھی بند کر دیئے جائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یمنی فوج کی جانب سے داغا جانے والا کروز میزائل ٹھیک نشانے پر لگا ہے جس کے بعد ابہا ایئر پورٹ سے پروازوں کی آمد و رفت بند ہوگئی ہے۔
یمنی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کروز میزائل ابہا کے ہوائی اڈے کی جانب فائر کیا گیا جو ٹریفک کنٹرول ٹاور پر لگا ہے جو مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سعودی اتحاد کے ذرائع نے بھی یمنی افواج کے میزائل حملے کا اعتراف کیا ہے۔
عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کا کہنا ہے کہ اگر یمن کے ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی تو سعودی اتحاد کے ہوائی اڈے بھی بند کر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کا توازن یمن کے حق میں تبدیل ہوگیا ہے۔ دشمن بھی اچھی طرح سمجھ لے اور یمن کے خلاف جنگ بند کر دے۔