ورلڈ کپ: مصباح الحق کا "ماں” کہنا، فینز کا دل لے گیا

پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا آج دوپہر اڑھائی بجے مانچسٹر کے میدان میں ہونے جارہا ہے جس حوالے سے تمام تیاریاں ہو چکی ہیں اور شائقین کرکٹ کا جوش بھی عروج پر ہے تاہم ایسے موقع پر دونوں ٹیموں کے مداحوں کیلئے قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پیغام جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ’ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کرکٹ کے تمام مقابلوں کی ماں ہے ‘۔ سابق کھلاڑی کا کہناتھا کہ میں دونوں طرف کے شائقین کرکٹ کو پیغام دینا چا ہتا ہوں کہ آپ کو جارح مزاج ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کھیل کا بھرپور انداز میں مزہ لیں اور اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کریں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آج اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا ، یہ معنی نہیں رکھتا ہے کہ کون جیتتا ہے یا کون ہارتا ہے لیکن آپ بھرپور انداز میں کھیل کا مزہ لیں اور پرسکون رہیں ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ آج کے میچ کا مزہ ضرور لیں لیکن یہ جنگ نہیں ہے۔ ہر فین کو اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔