احسن اقبال کا مراد سعید کی کامیابیوں کا سہرا لینے کی کوشش، وفاقی وزیر برس پڑے

مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال کی پاکستان پوسٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا کریڈٹ لینے کی کوشش میں مرادسعید نے جوابی وار کرتے ہوئے پوسٹل سروسز میں حالیہ اقدامات کی رپورٹ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے چند ماہ میں شروع منصوبوں کو لیگی حکومت کا ایجنڈا قرار دے دیا اور پاکستان پوسٹ میں بہتر کارکردگی کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی۔
جس پر وزیر مواصلات مراد سعید نے جواب دیتے ہوئے پاکستان پوسٹ میں ترقی کیلئے حالیہ انقلابی اقدامات کی رپورٹ جاری کردی ، جس میں بتایا گیا پوسٹل کے فرسودہ نظام کو جدیدٹیکنالوجی میں بدلنےکا فیصلہ کیاتھا، لیگی دور میں پوسٹ کا سالانہ خسارہ 12 ارب سے تجاوز کر چکا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا موجودہ حکومت نے خسارے کے بجائے 624 کروڑ کا ریونیو بڑھایا، پاکستان پوسٹ میں ای کامرس کا آغاز صرف3 ماہ پہلے ہوا، مفت ترسیلات زر بھیجنے کی سہولت 2 ہفتے پہلے شروع ہوئی۔
جاری رپورٹ کے مطابق ون ڈے ڈیلیوری اور الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت شروع کی گئی، موبائل ایپ کاآغازمرادسعیدکی وزارت کےدوسرےماہ میں ہوا، پاکستان پوسٹ کےتمام ریسٹ ہاؤسزکھولنےکافیصلہ بھی گزشتہ ماہ ہوا۔
مرادسعید کا کہنا تھا بیرون ملک پارسل کی سہولت لیگی دورحکومت میں کیوں نہ دی گئی، حالیہ شروع منصوبوں کا لیگی حکومت کے ایجنڈے سے تعلق نہیں، منصوبوں کا آغاز، سوچ اور بنیاد موجودہ حکومت نے ڈالی۔
یاد رہے چند روز قبل وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے پاکستان کو لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے، احسن اقبال سے کہتا ہوں آپ کے گھبرانے کا وقت آچکا ہے، کرپشن کے خاتمے تک ترقی کی منازل طے نہیں کی جا سکتی۔
ان کا کہنا تھا عمران خان کی قیادت میں کرپشن کا خاتمہ کریں گے، جس جس نے ملک لوٹا اس سے پیسہ واپس نکالیں گے، احسن اقبال کے کیس سے آغاز کر دیا ہے۔ احسن اقبال وزیر منصوبہ بندی ہو کر وزیر مواصلات کی جگہ دستخط کرتے رہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے اور معاشی بدحالی کا شکار کرنے والوں کا حساب ہونا چاہیئے، صرف پکڑ دھکڑ نہیں ہوگی بلکہ وصولی بھی کریں گے۔