بھارت کے خلاف میچ میں سرفراز کی جمائیاں

کرکٹ ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں بھارت کے خلاف فیلڈنگ کے دوران جمائیاں لینے پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم شکست کے بعد شدید مشکلات سے دوچار ہے اور سیمی فائنل کھیلنے کا خواب بھی ماند پڑتا جارہا ہے تو وہیں شائقین کپتان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے نالاں ہیں۔

کپتان سرفراز احمد کی میچ کے دوران جمائیاں لینے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور ٹوئٹر صارفین انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔

سرفراز احمد کی تصاویر اس تیزی سے وائرل ہورہی ہیں کہ ٹوئٹر پر ‘سرفراز کو گھر بھیجو’ کا ہیش ٹیگ دوسرا مقبول ترین ہیش ٹیگ بن چکا ہے۔