قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی، اجلاس ملتوی

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تو حکومتی اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجٹ تقریر کا آغاز کیا تو حکومتی ارکان نے ایک بار پھر شور شرابا شروع کردیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے بھی بھرپور جوابی نعرے بازی کی جارہی ہے۔
حکومتی ارکان نے شہباز شریف کے قریب آنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان نے انہیں اپنے حصار میں لے لیا۔ قاسم خان سوری نے ارکان اسمبلی کو موبائل فون سے ویڈیوز بنانے سے باز رہنے کی بھی تنبیہ کی۔
ڈپٹی اسپیکر نے حکومتی ارکان کو کئی بار خاموش ہونے اور نشستوں پر بیٹھنے کا کہا لیکن حکومتی ارکان نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی جس پر قاسم خان سوری نے اجلاس 20 منٹ کےلیے ملتوی کردیا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس حکومتی ارکان کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے مسلسل ملتوی کیا جارہا ہے۔