ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں میں بنگلہ دیشی کھلاڑی سرفہرست

شکیب الحسن نے اب تک چار میچوں کی چار اننگز میں 384 رن بنائے ہیں اور وہ اس میگا ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں فی الحال نمبر ون پر ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلس میں جاری ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اپنا آدھا سفر پورا کرچکا ہے اور اب سبھی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی کیلئے تگ و دو کررہی ہیں اور اپنی اپنی امیدواری کو یقینی بنانے کیلئے پوری جد و جہد کررہی ہیں۔ بلے باز اور گیند باز بھی اپنی بیسٹ پرفارمنس دے کر سرخیوں میں چھائے ہوئے ہیں۔

ورلڈ کپ میں یوں تو بڑے بڑے کھلاڑی میدان میں اتر رہے ہیں ۔ وراٹ کوہلی ، روہت شرما ، ایرون فنچ ، جو روٹ ، جوس بٹلر، ڈیوڈ وارنر، کین ولیمسن جیسے کھلاڑی موجود ہیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ بھی کررہے ہیں۔ تاہم ان سبھی کے باوجود بنگلہ دیش کا ایک ایسا کھلاڑی ہے، جو کافی چمک رہا ہے اور فی الحال اپنی بہترین کارکردگی سے سب کو پیچھے چھوڑے ہوا ہے۔

ہم بات کررہے ہیں بنگلہ دیش کے آل راونڈر شکیب الحسن کی۔ شکیب الحسن نے اب تک چار میچوں کی چار اننگز میں 384 رن بنائے ہیں اور وہ اس میگا ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں فی الحال نمبر ون پر ہیں۔