حیدرآباد میں جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مسافر ٹرین سامنے کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
حیدرآباد اسٹیشن کے سپریٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس اپنے ہی ٹریک پر پہلے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا جب کہ کئی بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حادثے میں مسافر ٹرین کا ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور ایک گارڈ کے جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ کوٹری ریلوے اسٹیشن اور حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا جس میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں۔
یاد رہے کہ جناح ایکسپریس کا افتتاح رواں برس 30 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا جب کہ چند دن قبل اس کی ڈائننگ کار میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔