ٹرینوں کا تصادم: کون کون ہوا جاں بحق؟ شیخ رشید احمد نے بتا دیا

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دو ٹرینوں کے تصادم میں کسی مسافر کے جاں بحق ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
حیدر آباد میں جناح ایکسپریس اور مال بردار گاڑی کے حادثے کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کسی مسافر کے جاں بحق ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ کسی مسافر کے حادثے میں جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی حادثے میں کسی مسافر کو نقصان پہنچا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرینوں کے تصادم میں ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ایک گھنٹے میں ابتدائی رپورٹ سامنے آجائے گی۔
خیال رہے کہ حیدر آباد میں مکی شاہ تھانے کی حدود میں جناح ایکسپریس اورمال گاڑی کے تصادم میں تین افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ حادثے میں دونوں ٹرینوں کے انجن تباہ ہوگئے ہیں۔