اقوام متحدہ نے پاکستان کو اپنے عملے کیلئے فیملی اسٹیشن قرار دے دیا

اقوام متحدہ نے اپنے اہلکاروں کے لیے پاکستان کو فیملی اسٹیشن قرار دے دیا ہے اور اب اقوام متحدہ کے غیر ملکی اہلکار بھی اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔
زرائع کے مطابق پاکستان کو عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل ہوگئی ہے کیوں کہ اقوام متحدہ نے پاکستان کو اپنے عملے کیلئے فیملی اسٹیشن قرار دینے کااعلان کیا ہے اور اب اقوام متحدہ کے غیر ملکی اہلکار اب اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل سول سروس کمیشن نے خط کے ذریعے پاکستان کو مطلع کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کیں جس کے تحت 14 جون سے پاکستان کے لیے نان فیملی اسٹیشن پوزیشن ختم کر دی گئی ہے، فیصلہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیفٹی و سیکیورٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں متعدد ممالک سکیورٹی صورتحال میں یواین سے معاونت کے طلب گار رہتے ہیں اس کا پاکستان کی سکیورٹی صورتحال میں بہتری کیلئے مثبت اثر پڑے گا اور یہ امکان بھی ظاہر کیاجارہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری پر بھی فضا ہموار ہوگی، اس کے لئے گزشتہ 2 سال سے کوششیں کی جارہی تھیں، فیملی اسٹیشن سے مراد یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا عملہ اب پاکستان میں اپنی فیملی کو ساتھ رکھ سکتا ہے۔