قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا: وزیراعظم عمران

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے (ق) لیگ کے صدرچوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کی، ملاقات میں چوہدری پرویزالہی، طارق بشیر چیمہ اورمونس الہی سمیت جہانگیرترین بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں چوہدری پرویزالٰہی نے بجٹ حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مرکز اور صوبے میں بجٹ منظور کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی غیرمشروط حمایت پرمسلم لیگ (ق) کی قیادت کا مشکور ہوں، اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، قومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
(ق) لیگ نے وزیراعظم اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیے گئے وعدے پرتاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا جب کہ مسلم لیگ (ق) نے مونس الہی کووفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالہی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے، ق لیگ بجٹ میں حکومت کی مکمل حمایت کرے گی۔