جانیے ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل کی اس وقت کی صورتحال ہے کیا؟

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءمیں اب تک 26 میچ کھیلے جا چکے ہیں اور ستائیسواں میچ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ہے مگر پوائنٹس ٹیبل پر کون کس پوزیشن پر ہے؟ پاکستان کی صورتحال دیکھ کر آپ بھی پریشانی کا شکار ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا نے اب تک ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے پانچ میں وہ کامیاب رہی ہے اور سیمی فائنل مرحلے تک اس کی رسائی تقریباً طے ہے۔کنگروز کو ورلڈ کپ میں صرف بھارت کے ہاتھوں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نو پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے اور اگر آج اس نے سری لنکا کو شکست دیدی تو یہ 10 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔

ان فارم بھارتی ٹیم اس فہرست میں چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھانے والی بنگلہ دیشی ٹیم ابھی بھی پانچویں نمبر پر موجود ہے۔اسی طرح پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کی چھٹی، ویسٹ انڈیز کی ساتویں جبکہ جنوبی افریقہ کی آٹھویں پوزیشن ہے۔ ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ٹیم بدستور پوائنٹس ٹیبل پر نویں جبکہ افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔