سونے کی قیمت نے چھوا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح

سونے کی قیمت 800 روپے اضافے کے ساتھ 78 ہزار 100 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اور اب تک کی قیمتوں نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سونے کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے اور اب تک کی قیمتوں نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کا ناقابل یقین اضافہ ہوا تھا جب کہ جمعے کے روز سونے کی قیمت میں فی تولہ 800 روپے کا اضافہ ہوا۔
دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ، گزشتہ روز بھی عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 39 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا اور آج بھی اس میں 13 ڈالر کا اضافہ ہوا اور اب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1394 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 78 ہزار 100 روپے ہو گئی ہے جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔