بھارت کی جیت: حسن علی نے دی مبارکباد، نیا تنازعہ سامنے آ گیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءمیں قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے اور بالخصوص بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد تو کھلاڑی شدید تنقید کی زد میں ہیں جن میں سے سب سے زیادہ عتاب کا شکار حسن علی ہیں جو ہر میچ میں ہی خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔

حسن علی اپنی ناقص کارکردگی کے باعث تو تنقید کی زد میں ہیں ہی مگر اب وہ اپنی ایک ممکنہ ٹویٹ کے باعث بھی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں جو انہوں نے بھارتی صحافی کی جانب سے ٹیم انڈیا کو پاکستان کیخلاف جیت پر مبارکباد کے جواب میں دی اور پھر ڈیلیٹ کر دی۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی صحافی ممتاز خان نے بھارتی ٹیم کو پاکستان کیخلاف میچ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ” بھارتی ٹیم کو بہت بہت مبارکباد جس نے شاندار فتح حاصل کر کے ہمیں جشن منانے کا موقع فراہم کیا اور ہم ایک بھارتی ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ چلو اب ورلڈکپ جیتتے ہیں۔“

 

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حسن علی نے ممتاز خان کی اس ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا ”ہو گئی آپ کی دعا پوری، مبارک ہو“

اب یہ ٹویٹ واقعی حسن علی نے کی تھی یا پھر تصویر جعلی ہے؟ اس بارے وثوق سے تو کچھ نہیں کہا جا سکتا مگر ان کی خراب کارکردگی کے پیش نظر اس تصویر پر بھی خاصی تنقید کی جا رہی ہے اور پاکستانی انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ ٹوئٹر پر زیادہ وقت گزارنے کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں تو ناصرف ان کیلئے بلکہ ٹیم کیلئے بھی بہتر ہو گا۔