لائیو اپ ڈیٹس: 229 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ جاری

نیوزی لینڈ کے کپتان ولیم سن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کیویز نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 292 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2019 کا 29واں میچ مانچسٹر اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو بغیر کسی رن پر پہلی وکٹ گر گئی، 7 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو کو بھی کوٹریل نےآؤٹ کیا۔ کپتان ولیم سن اور ٹیلر نے آکر محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 167 کے مجموعی اسکور پر روس ٹیلر 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 210 پر گری جبکہ کپتان ولیم سن 251 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، انہوں نے 158 گیندوں پر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اور 148 کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا، کیویز کی چھٹی وکٹ 270 ، اننگز کے آخری اوور کی آخری دو گیندوں پر دو مزید کھلاڑی 291 پر پویلین روانہ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز اسکور کیے، کپتان ولیم سن 148 اور ٹیلر 69 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کوٹریل چار وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اب تک 5 میچز کھیلے جن میں سے چار میں انہیں فتح جبکہ ایک بارش کی نذر ہوا جبکہ ویسٹ انڈیز نے بھی پانچ ہی میچز کھیلے جن میں سے اُسے ایک میں فتح اور تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا۔