ورلڈ کپ: شاہینوں کا بڑا امتحان، جنوبی افریقہ کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے بےتاب

لارڈز کے میدان میں پاکستان ورلڈکپ میں آج جنوبی افریقا کے خلاف ٹورنامنٹ میں بقاء کی جنگ لڑے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں فوٹو سیشن بھی کیا۔

میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 6 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پروٹیز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے پروٹیز سے فتح حاصل کرنا ضروری ہے۔ ٹیم کو نہ صرف اگلے تمام میچ اچھے مارجن سے جیتنا ہوں گے بلکہ شائقین کو انگلینڈ کے اگلے میچوں میں ہار کی دعائیں بھی مانگنا ہوں گی۔

جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حسن علی اور شعیب ملک کا ڈراپ ہونا یقینی ہے اور ان کی جگہ حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھئے:ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلی متوقع

 

لارڈز میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ پر بات کریں تو کسی کو برا نہیں لگتا لیکن گالیاں کسی کو پسند نہیں اور ایسا ہونا ٹھیک بھی نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے انکشاف کیا ہے کہ سرفراز احمد کو برا بھلا کہنے والے پاکستانی لڑکے کے خلاف کارروائی کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔