اسحاق کے گرد گھیرا تنگ، ڈار کی پاکستان حوالگی سے متعلق پاک برطانیہ حکام میں اتفاق

سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے پاک برطانیہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے پاک برطانیہ حکام نے اتفاق کرلیا ہے اور مفاہمتی یاداشت پر دونوں ممالک کی جانب سے دستخط بھی کرلئے گئے ہیں۔
دونوں ممالک میں ہونے والے ایم او یو کی دستاویز کے مطابق مفاہمت کی یاداشت صرف اسحاق ڈار کی حوالگی کے لئے ہے اور یادداشت پر دستخط برطانوی عہدیدار گرائم بگر اور پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کیے، مفاہمت کی یادداشت تحویل مجرمین کے معاہدہ کی عدم موجودگی میں قانونی بنیاد فراہم کرے گی۔
مفاہمتی یاداشت میں تحریر ہے کہ اسحاق ڈار کو کیسز کی پیروی کے لیے پاکستان کے حوالے کیا جائے گا اور ان کی حوالگی کے دوران اٹھنے والے تمام اخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی، اور حراست یا گرفتاری کے بعد کوئی ملک دوسرے کے خلاف مالی مطالبہ نہیں کر سکتا، اور دونوں حکومتیں مفاہمت کی یادداشت پر متفق ہیں۔