اسلام آباد ہائیکورٹ: پارک لین ریفرنس میں سابق صدر زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے، عدالت نے سابق صدرکو 26 جون کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی پارک لین ریفرنس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سابق صدر کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیا کہ ایک درخواست مسترد ہوجائے تو دوسری کا اسٹیٹس کیا ہوگا؟
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ درخواست گزار کا عدالت کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے، آصف زرداری کی دوران سماعت عدالت میں حاضری ضروری ہے۔
سابق صدر قومی اسمبلی اجلاس میں بھی روزانہ پیش ہورہے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آصف زرداری کو حاضری سے استثنیٰ دے سکتے ہیں؟ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدالت آصف زرداری کو حاضری سے استثنیٰ نہیں دے سکتی۔
عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے، عدالت کا آصف زرداری کو 26 جون کو پیش کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے حکم دیا کہ نیب آئندہ سماعت پر آصف زرداری کو پیش کرے۔