موٹروے پر ٹریفک حادثہ، ایس ایس پی کامران یوسف اور ڈرائیور جاں بحق

سرگودھا میں موٹروے پر ٹریفک حادثے میں ایس ایس پی اور ان کا ڈرائیور جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کامران یوسف ملک سرکاری گاڑی پر لاہور سے اسلام آباد جا رہے تھے کہ سیال موڑ کے قریب موٹر وے پر ان کی گاڑی سیمنٹ سے بھرے ٹرالر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں ایس ایس پی کامران یوسف ملک اور ان کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی کامران یوسف ملک کا تعلق گجرات سے تھا اور وہ لاہور میں تعینات تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او افضال احمد کوثر اور ڈی پی او سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا موقع پر پہنچ گئے۔
حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن پہنچا دی گئی ہیں۔ حادثہ کا سبب بننے وال ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔