ویڈیو اسکینڈل: سپریم کورٹ میں جج ارشد ملک سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق آج سپریم کورٹ اس ضمن میں دائر تین درخواستوں کی سماعت کرے گا. چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں گے۔ صرف مقدمے کے فریقین، وکلا اور صحافیوں کوسپریم کورٹ جانے کی اجازت ہوگی، جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل کی سماعت سے متعلق خصوصی پاس جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ مریم نواز اپنی پریس کانفرنس میں احتساب عدالت کے جج کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئی تھیں، جس سے یہ تاثر دیا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے دباؤ کے تحت میاں نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا۔
اسکینڈل سامنے آنے کے بعد جج ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا گیا. بعد ازاں اس ضمن میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جسے چیف جسٹس نے سماعت کے لیے مقرر کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، وزارت قانون نے نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کی کاپی رجسٹرار آفس کو مل گئی ہے۔