انکم ٹیکس گوشوراے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر توسیع

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر توسیع کردی۔
اس حوالے سے ایف بی آر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس سال 2018 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کی گئی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ افراد/اے او پیز اور کمپنیز جمعہ 9 اگست تک ٹیکس سال 2018 کے لیے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرواسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر کی گئی تھی، جس میں آج توسیع کردی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114(1)(بی)(3) سے (4) کی شرائط کے مطابق 250 اور 500 مربع گز یا اس سے زائد کی غیرمنقولہ جائیداد رکھنے والوں کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا لازمی تھا۔
اسی طرح 2 ہزار اسکوائر فٹ یا اس سے زائد کا فلیٹ رکھنے والوں کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں اس نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک ہزار سی سی سے بڑے انجن کی گاڑی رکھنے والے کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا ضروری ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس اسکیم کے تحت تاجروں کے لیے بزنس لائسنس، چھوٹے دکانداروں کے لیے آسان ریٹرن فارم اور دیگر اسکیمز کا مسودہ کیا گیا تھا جبکہ چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم بھی اسی مسودہ کا حصہ ہے۔
اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ تمام تاجر 30 ستمبر 2019 تک اپنے ٹیکس گوشوارے مجوزہ اسکیم کے تحت جمع کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ مذکورہ اسکیم 5 کروڑ سالانہ ٹرن اوور والے تاجروں کے لیے ہوگی اور اسکیم کے تحت تاجر گزشتہ 5 برس کے ٹیکس گوشوارے جمع کرواسکیں گے۔