پاکستان کا بھارت کیخلاف ایک اور بڑا قدم، تھر ایکسپریس بھی بند کرنے کا اعلان

پاکستان کا بھارت کیخلاف ایک اور بڑا قدم، وزیر ریلوے شیخ رشید نے سمجھوتہ ایکسپریس کے بعد تھر ایکسپریس بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کے بعد تھر ایکسپریس بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ سمجھوتا ایکسپریس ہم نے کل وزیراعظم کی اجازت سے بند کی، کھوکھرا پار اور مونا باؤ کے درمیان تھر ایکسپریس بھی بند کررہے ہیں جو آج رات 12 بجے تک بند کردی جائے گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہوا، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں، جو کشمیریوں کے ساتھ کھڑا نہیں ہوگا وہ غدار ابن غدار ہے، راولپنڈی کی لال حویلی کاسری نگر کے لال چوک سے خون کا رشتہ ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کا 1800 کلومیٹر کا ٹریک پاکستان کی معاشی صورتحال بدل دے گا، ایم ایل ون کے نئے ٹریک پر 160 اسپیڈ پر ٹرین چلے گی، یہ منصوبہ پاکستان کے 70 فیصد حصے سے گزرے گا۔