امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ کشمیر کے مسئلے پر ’ناقابلِ یقین حد تک مصروف‘ ہے: اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ

امریکا کا کہنا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پالیسی میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا یعنی واشنگٹن اب بھی اسے پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازع خطہ تسلیم کرتا ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دی گئی نیوز بریفنگ میں ترجمان مورگن اورٹاگس نے کشمیر کو ’یقینی طور پر ایک انتہائی اہم مسئلہ‘ قرار دیا جسے امریکا قریب سے دیکھتا رہے گا‘۔
اس موقع پر جب مورگن اورٹاگس سے پوچھا گیا کہ کیا کشمیر کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے تو جواب میں انہوں نے کہا کہ ’نہیں، اور اگر ایسا ہوتا تو یقیناً میں یہاں اس کا اعلان نہیں کروں گی لیکن نہیں ایسا کچھ نہیں ہے‘ کیوں کہ ہمارے لیے یہ کوئی انتہائی اہم شخص جیسا کے صدر کرتے ہیں‘۔
جنوبی ایشیائی خطوں کی اہمیت کو عواضح کرتے ہوئے ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ کشمیر کے مسئلے پر ’ناقابلِ یقین حد تک مصروف‘ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے آئین میں کشمیر کو دی گئی خصوصی اہمیت واپس لینے کے بعد جن ممالک سے فوری طور پر رابطہ کیا تھا ان میں امریکا سرِ فہرست ہے۔
دوسری جانب بھارت نے اپنے انتہائی غیر مقبول فیصلے کے خلاف کسی بھی قسم کے ردِ عمل سے بچنے کے لیے بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں کرفیو نافذ کررکھا ہے، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی بریفنگ میں بھارت کی کارروائی اور اس کے نتائج پر بھی بات کی گئی۔
اس ضمن میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیکل پومپیو نے بھارتی اور پاکستانی ہم منصوبوں سے بات چیت کی تو انہوں نے کہا مائیک پومپیو نے بھارتی امورِ خارجہ کے سربراہ سے حال ہی میں بینکاک میں ملاقات کی تھی اور ’وہ اپنے ہم منصبوں سے روزانہ کی بنیاد پر بات چیت کرتے ہیں‘۔
خطے میں متعدد امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے متعدد عہدیداروں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے بھارت اور پاکستان کے ساتھ کئی رابطے ہیں، ابھی کچھ عرصہ قبل ہی وزیراعظم عمران خان بھی یہیں تھے، یہ صرف کشمیر کی وجہ سے نہیں ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دیگر بہت سے مسائل میں سے کشمیر ایک انتہائی اہم مسئلہ تھا‘ جس پر امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ کافی قریب سے کام کررہا ہے۔
اس موقع پر جب ان کے سامنے وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کا تذکرہ کیا گیا جس میں انہوں نے بھارت کو کشمیر میں نسل کشی کا مورد الزام ٹھہرایا تو موگن اورٹاگس نے کہا کہ ’میں اس سے زیادہ مزید کچھ کہنا نہیں چاہتی جتنا ہم کہہ چکے ہیں کیوں کہ یہ ایک نازک معاملہ ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایسا معاملہ ہے جس پر ہم ان سے کافی قریب سے بات کررہے ہیں۔