عالمی برادری خاموش تماشائی بننے کے بجائے ، فردوس عاشق اعوان نے بڑا مطالبہ کر دیا

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عالمی برادری خاموش تماشائی بننے کے بجائے دنیا میں اصول، سچائی اور قانون کی بالادستی کی حامی بن کر بھارتی مودیوں کی انتہا پسندی کو روکے۔
 فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا مسلمانوں کو عبادات سے روکنا سیکیولر بھارت کی موت ہے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو سلام ہے، ان کی قربانیاں عظیم ہیں۔ ان کا جذبہ اور اپنے نصب العین سے وابستگی بھارت کو شکست دے چکی ہے۔ اپنے آئینی اور جمہوری حق کے لیے برسرپیکار کشمیریوں کی حمایت سچائی، اصول اور جمہوریت کی حمایت ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کی فسطائیت اور ظلم، 9 لاکھ قابض فوج کی بندوقیں کشمیریوں کے حق کو دبا نہیں سکتیں۔ مسلمانوں کو ان کے مذہبی شعائر اور عبادات سے روکنا سیکولر بھارت کی موت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک ان کے شانہ بشانہ ہے۔