کشمیریوں کو پاکستان طرف دیکھنے کی سزا مل رہی ہے: شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بارہ مولا سے سری نگر تک عوام پر دروازے بند ہیں۔ کشمیری بہتر سال سے پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ کشمیر وہ شعلہ ہے جو ساری دنیا کو بڑے بحران سے دو چار کردے گا۔
راولپنڈی میں عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیریوں کو پاکستان طرف دیکھنے کی سزا مل رہی ہے۔ جو کشمیریوں کے ساتھ نہیں وہ نہ ہی پاکستانی ہیں اور نہ مسلمان۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مودی مسلمانوں کو دوسرے درجہ کا شہری بنانا چاہتا ہے۔ مودی نے کسی بھی مسلمان کو الیکشن ٹکٹ نہیں دیا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ مودی کی حکومت کا سیاہ باب شروع ہوچکا ہے، موت قبول ہے ہندوستان کی جارحیت و طاقت قبول نہیں ہے۔ شیخ رشید احمد نے عید کے بعد کشمیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔