حادثاتی چیئرمین کی گفتگو مضحکہ خیز تھی: وزیر مواصلات

وزیر مواصلات مراد نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثاتی چیئرمین کی گفتگو مضحکہ خیز تھی۔
 
وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثاتی چیئرمین کی گفتگو مضحکہ خیز تھی، والد سے کرپشن کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑجاتی ہے، پھوپھو کی باری آتی ہے تو جمہوریت زیادہ خطرات میں پڑ جاتی ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ خود ساختہ رہنما کی پوری گفتگو کا ہدف والد کی لوٹ مار سے توجہ ہٹانا تھا، حادثاتی چیئرمین کو کشمیر کی صورتحال میں دلچسپی ہے نہ ہی یہ ان کی ترجیحات کا حصہ ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ ہم کشمیر کا مقدمہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ساتھ ہی گھر میں موجود جیب تراشوں سے بھی نمٹیں گے، حادثاتی چیئرمین اپنی کوششوں میں لگے رہیں، تحریک انصاف کی حکومت اپنا کام کرے گی۔
واضح رہے کہ آج اسکردو میں وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے خود کو پورے ملک کے سامنے بے نقاب کر دیا، عمران خان اپنی کہی ایک بھی بات پر قائم نہیں رہے، پی ٹی آئی حکومت بالکل ناکام اور نااہل ہے، حکومت بھی اپوزیشن کا کردار کررہی ہے تاہم حکومت اپوزیشن کرے گی تو حکمرانی کون کرےگا۔