محرم الحرام کے جلوس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نویں اور دسویں محرم کے جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 بھی نافذ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی ہدایات کے مطابق نویں محرم کے مرکزی جلوس کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں نویں محرم کا مرکزی جلوس، امام بارگاہ اثنا عشری سیکٹر جی 6 ٹو سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے پہوتے ہوئے واپس یہیں آکر ختم ہوگا۔
انتظامیہ نے جلوس کی حفاظت کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں اور راستوں پر سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے مکمل نگاہ رکھی جائے گی۔
پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے اور جلوس کے ساتھ چلیں گے جبکہ جی 6 کے علاقے میں سیکورٹی کے پیش نظر موبائل سروس صبح سے شام تک بند رہے گی۔
اسلام آباد میں محرم کے جلوس کے سلسلے میں تمام علاقے کو کنٹینر اور خاردار تاروں کے ذریعے بند کر دیا جائے گا اور جلوس کے راستے میں آنے والی تمام عمارتوں کی چھتوں پر پولیس فورس کے اسپیشل جوان موجود ہوں گے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے لیا جائے گا جبکہ جلوس کے تمام راستے کی جدید ٹیکنالوجی اور روبوٹ سے بھی سرچنگ کرائی جائے گی اور تمام عزاداروں کو تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوس کے دوران کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔